برادران وطن کی دعوت افطار قومی یکجہتی کا مظہر

   

سمپنگی گروپ کی جانب سے دعوت افطار، محمد خواجہ وراحت علی کا خطاب

سنگاریڈی۔ 25 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سمپنگی گروپ آف کمپنیز کی جانب سے دعوت افطار و طعام کا اہتمام کیا گیا اور غریب مسلم طلباء میں اسکالرشپس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس تقریب میں محمد خواجہ وراحت علی ریاستی صدر تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ہندوستان مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والوں کا ایک گلدستہ ہے اور اس گلدستہ میں کئی رنگ برنگی پھول ہے جو ملک کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ براداران وطن کی جانب سے مسلم روزہ داروں کے احترام میں دعوت افطار کا اہتمام ہماری مذہبی ہم آہنگی، رواداری، یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کا مظہر ہے۔ دستور ملک کی بنیاد اور سیکولرزم کی روح ہے۔ اس طرح کے پروگرامس منعقد ہونے سے غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں اور قومی یکجہتی کو تقویت ملتی ہے۔ ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر سعی کرنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سمپنگی گروپ آف کمپنیز نے دعوت افطار کا اہتمام کرتے ہوے بہترین اقدام کیا ہے اور اسی موقع پر غریب مسلم طلباء میں وظائف تقسیم کرتے ہوے بہترین مثال قائم کی ہے۔ سپمنگی گروپ دیہی علاقہ سے اپنی شروعات کی اور آج 9 ممالک میں کام کررہا ہے اور راست و بلراست 1500 خاندانوں کو روزگار فراہم کر رہا ہے۔ رمیش سمپنگی، سریش سمپنگی اور محمد آصف کے علاوہ دیگر موجود تھے۔