برازیل اور ایکواڈورکی ورلڈکپ 2026 میں رسائی

   

نئی دہلی، 11 جون (آئی اے این ایس) وینی جونیئرکے گول کی بدولت برازیل نے نیوکیمیکا ایرینا میں پیراگوئے کو 0-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ وینیسیئس جونیئر نے میتھیئس کنہا کی شاندار مووکے بعد کارلو انچیلوتی کو بطورکوچ ان کی پہلی فتح دلوائی۔ پیراگوئے نے دوسرے ہاف میں اچھی واپسی کی، لیکن شکست کے باوجود وہ ورلڈکپ کوالیفائی کرنے کے قریب ہے، کیونکہ وہ وینزویلا پر چھ پوائنٹس کی برتری رکھتا ہے۔ یہ جیت انچیلوتی کے لیے ایک خاص تحفہ ثابت ہوئی، جنہوں نے منگل کو اپنی 66 ویں سالگرہ منائی۔ برازیلی شائقین نے میچ سے قبل نیوکیمیکا ایرینا میں پیلے اور سبز رنگ کے عظیم الشان موزیک کے ذریعے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جس پر لکھا تھا: مبارک ہو، کارلیٹو! انچیلوتی کی بحیثیت کوچ یہ پہلی فتح پیراگوئے کی کوالیفائر میں مسلسل نو میچزکی ناقابل شکست رن کو توڑنے والی بنی۔ برازیل پیراگوئے کو10کوالیفائر میچز میں شکست دینے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ اب تک سیلیساؤ نے اپنے آخری 70 ہوم ورلڈکپ کوالیفائر میچز میں صرف ایک بار شکست کھائی ہے۔یہ تیسرا موقع ہے کہ برازیل نے نیوکیمیکا ایرینا میں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ 2017 میں انہوں نے پیراگوئے کو شکست دے کر روس میں ہونے والے 2018 ورلڈ کپ کے لیے جگہ بنائی تھی، جبکہ 2021 میں کولمبیا کو ہرا کر قطر 2022 کے لیے کوالیفائی کیا۔دوسری جانب، ایکواڈور نے پیرو کے خلاف بغیر کسی گول کے میچ برابر کھیل کر رواں صدی میں پانچویں بار فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔پیرو کو جیت کی اشد ضرورت تھی، لیکن لیما میں اپنے پرجوش مداحوں کی حمایت کے باوجود وہ ایکواڈور کی دفاعی دیوار، جس میں پیئرو ہنکاپی اور ویلیئن پاچو شامل تھے، کو توڑنے میں ناکام رہے۔ 75ویں منٹ میں ایکواڈور کے ایلن فرانکو کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے باوجود پیرو گول کرنے میں ناکام رہا۔ میچ کے اختتام پر کوچ سباسٹین بیکاسیچے اور ان کے کھلاڑیوں نے کوالیفائی کرنے کا جشن جوش و خروش سے منایا۔ادھر، یوراگوئے بھی تقریباً کوالیفائی کر چکا ہے۔