برسر اقتدار قائدین پر انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کا الزام

   

کریم نگر۔/23 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عہدہ وزارت کے خواہشمند برسر اقتدار پارٹی کے ارکان اسمبلی پنچایت انتخابات کے درمیان بدعنوانیوں میں ملوث ہوئے ہیں ۔ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ ٹی ڈی پی ضلع صدر اے جوجی ریڈی نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرس کی تائید کے حصول کے لئے چھوٹی بڑی پنچایتوں کا لحاظ کئے بغیر لاکھوں روپیوں کی تقسیم عمل میں لائی ہے۔ مواضعات میں شراب کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ الیکشن کمیشن کے عہدیدار اندھوں کی طرح خدمت کرتے رہے جس کی وجہ سے ٹی آر ایس امیدوار کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ کئی مقامات پر ووٹرس کے نام فہرست سے ہی برخواست کردیئے گئے۔ ٹی ڈی پی کے کئی امیدوار برسر اقتدار پارٹی قائدین کے دھمکانے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آکر ایک تا دیڑھ ماہ ہوگیا ہے۔ سارے سرکاری کام انتخابات کے بہانے ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ کریم نگر میں اسمارٹ سٹی کے کئیے پراجکٹس کا کے ٹی آر نے افتتاح کیا۔ لیکن آج ان افتتاحی کاموں میں کچھ بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔ یہاں تک کہ ٹنڈرس کی طلبی بھی نہیں ہوئی۔