برطانوی براڈ کاسٹر نے اسرائیلی حکومتی ترجمان کے ہوش اڑا دیے

   

لندن: معروف برطانوی براڈ کاسٹر پیئرس مورگن نے اپنے شو کے دوران اسرائیلی حکومت کے ترجمان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک انٹرویو کے دوران اسرائیلی حکومتی ترجمان آوی ہائمن کو کچھ دیر کے لیے منجمد ہوتے دیکھا جا سکتا ہے ، جب وہ براڈکاسٹر پیئرس مورگن کے پے در پے سخت سوالوں کے آگے بے بس ہو گئے تھے ۔اسرائیلی ترجمان سے جب پیئرس مورگن نے پوچھا کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں کتنے فلسطینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں، تو وہ کوئی جواب نہ دے سکے اور مکمل خاموشی اختیار کر لی۔منگل کو گفتگو کے دوران جب اسرائیلی ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے اس دوران حماس کے 14 ہزار اہلکاروں کو قتل کیا ہے ، لیکن اس دوران کتنے عام شہری مارے گئے اس کا علم نہیں ہے ، تو پیئرس مورگن نے کہا کہ آپ کو حماس ارکان کی تعداد کا پتا ہے مگر عام شہریوں کی ہلاکت کی تعداد کا کیوں نہیں معلوم ہے ؟۔پیئرس مورگن نے کہا کہ آپ کے جواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کی ترجیح حماس کے ارکان کو مارنا ہے ، آپ کو عام شہریوں کی ہلاکت سے کوئی غرض نہیں ہے ۔