برطانوی پارلیمنٹ میں کسان مسئلہ پر مباحث کا امکان

   

لندن : برطانیہ کی پارلیمنٹ کی پٹیشنس کمیٹی ہندوستان میں کسانوں کے احتجاج اور صحافتی آزادی کے مسئلہ پر دارالعوام کامپلکس میں واقع ویسٹ منسٹر ہال میں مباحث کے انعقاد پر غور کررہی ہے۔ اس کا پس منظر زائد از 1,10,000 دستخطوں کے ساتھ آن لائن پٹیشن کی وصولی ہے۔ ویسٹ لندن کے کنزرویٹیو پارٹی ایم پی کی حیثیت سے بورس جانسن کا نام سامنے آیا ہے لیکن ڈاوننگ اسٹریٹ نے واضح طور پر تصدیق کردی کہ برطانوی وزیراعظم نے پٹیشن پر دستخط نہیں کئے۔ اس سے خط نظر دارالعوام نے بھی وضاحت کی کہ اس کی پٹیشنس ویب سائیٹ پر انفرادی پارلیمانی حلقوں کی طرف سے دستخطیں ظاہر ہونا ممکن ہے اور ویب سائیٹ پر موجود ڈیٹا حلقہ کے ایم پی کا نام بھی پیش کرتا ہے۔ تاہم ڈیٹا سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ آیا انفرادی سطح پر ایم پیـز نے دستخط کئے ہیں یا نہیں۔ بہرحال برطانوی پارلیمنٹ میں ہندوستانی مسائل پر مباحث بجائے خود حکومت ہند کیلئے پشیمانی کا ایک اور سبب بنے گی۔