برطانیہ میں آج سے کورونا ٹیکہ اندازی، ملکہ بھی ویکسین لگوائیں گی

   

سب سے پہلے کیئر ہومز میں مقیم عمر رسیدہ افراد اور اس کے بعد 80 برس یا زائد والے معمرین ٹیکہ اندازی کے اہل ہوں گے

لندن: برطانیہ میں منگل سے کورونا ویکسین کا بڑے پیمانے پر استعمال شروع کیا جا رہا ہے اور ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ بھی چند ہفتوں میں فائزر کی بنائی ہوئی ویکسین لگوائیں گی۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے برطانوی اخبارات کے حوالے سے لکھا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔برطانوی اخبار ’میل آن سنڈے‘ نے کہا ہے کہ معمر شاہی جوڑے کو امید ہے کہ ان کو دیکھ کر اور لوگ بھی کورونا ویکسین لگوائیں گے۔اے ایف پی کے مطابق 94 سالہ ملکہ نے اپنی عمر کی وجہ سے وبا کے دروان اپنا زیادہ تر وقت ونڈسر میں قرنطینہ میں رہتے ہوئے گزارابکنگھم پیلس کے ترجمان نے شاہی جوڑے کی ویکیسن لگوانے کی خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ برطانیہ ویکیسن استعمال کرنے کی اجازت دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھابرطانیہ نے فائزر کمپنی کو ویکسین کی چار کروڑ خوراکوں کا آرڈر پہلے سے ہی دے رکھا ہے جس میں سے اسے آٹھ لاکھ خوراکیں جلد ملنے والی ہیں جن سے وہ منگل سے ویکسینیشن کا آغاز کرے گااے ایف پی کے مطابق سب سے پہلے یہ ویکسین کیئر ہومز میں مقیم عمر رسیدہ افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو لگائی جائے گی اور اس کے بعد 80 برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی باری آئے گی۔اس کے بعد دیگر عمر رسیدہ لوگ اور تشویشناک حالت میں مبتلا افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ باقی آبادی کو عمر کے حساب سے ویکسین دی جائے گی۔ فائزر کے بیلجیئم میں موجود پلانٹ سے ویکسین کی پہلے کھیپ اسی ہفتہ برطانیہ پہنچائی جائے گی جس کے بعد پیر سے یہ برطانیہ کے درجنوں ہاسپٹلس میں پہنچ جائے گی۔ فائزر کی اس ویکسین کو منفی 70 درجہ حرارت میں رکھا جا سکے گا، تاہم پانچ دن تک اسے دو سے آٹھ ڈگری سیلسیز میں بھی رکھا جا سکے گانیشنل ہیلتھ سروس کے میڈیکل ڈائریکٹر سٹیفن پاؤس نے کہا ہے کہ ’تمام تر پیچیدگیوں کے باوجود ہاسپٹلس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز منگل سے شروع کر دیں گے۔‘