برطانیہ میں ’ یوروپی یونین ‘ کے بغیر پاسپورٹس کی اجرائی

   

لندن 6 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ نے سامنے کور پر ’’ یوروپی یونین ‘‘ کی تحریر کے بغیر پاسپورٹس جاری کرنے شروع کردئے ہیں حالانکہ یہاں بریگزٹ پر فیصلہ ملتوی ہوگیا ہے اور ملک کے سیاستدانوں میں اس مسئلہ پر تعطل پایا جاتا ہے ۔ برطانیہ کی وزارت داخلہ نے ہفتے کو بتایا کہ مارچ کے مہینے سے یوروپی یونین کے حوالے کے بغیر پاسپورٹس جاری کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے ۔ اس فیصلے پر عمل درآمد کو کچھ وقت سے روکے رکھا گیا تھا ۔ برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مے نے 46 سال تک یوروپی یونین میں شامل رہنے کے بعد اس سے علیحدگی کے فیصلے کو التوا کا شکار کردیا ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا سخت موقف ہے ۔ اس معاہدہ پر انہوں نے یوروپی یونین کے قائدین کے ساتھ گذشتہ سال نومبر میں اتفاق رائے بھی حاصل کرلیا تھا ۔ برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ نے تھریسا مے کے طئے کردہ اس معاہدہ کو اب تک جملہ تین مرتبہ مسترد کردیا ہے اور یہ مسئلہ سیاسی قائدین میں تعطل اور اختلاف رائے کا باعث بنا ہوا ہے ۔