برطانیہ کی پولیس کا دعویٰ ، مڈلینڈ پولیس کے حوالے سے رائٹرس کا بیان
برمنگھم : برطانیہ کے شہر برمنگھم میں اتوار کو خنجر کے وار سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کے بعد پولیس نے اسے ’بڑا واقعہ‘ قرار دیا ہے۔خبررساں ادارے روئٹر نے ویسٹ مڈلینڈ پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب12.30 بجے کے قریب برمنگھم سٹی سینٹر میں خنجر زنی کا واقعہ رپورٹ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اسی علاقے میں خنجر زنی کے دیگر واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم متعدد افراد کے زخمی ہونے سے متعلق آگاہ ہیں لیکن اس وقت ان کی درست تعداد یا زخموں کی نوعیت کی بارے میں نہیں بتایا جا سکتا‘۔بیان کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی سروسز کام کر رہی ہیں۔شہر میں کچھ سڑکوں کو بند کر کے متاثر علاقے کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ برمنگھم کے وسط میں ’گے ولیج‘ نامی علاقے کو حصار میں لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں حادثے کے اسباب کے متعلق اندازے قائم کرنا مناسب نہیں ہو گا۔