بروسلز میں اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کا مظاہرہ

   

بروسلز۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر مجوزہ قبضے کے خلاف یورپین دارالحکومت برسلز میں آج سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا اہتمام بیلگو فلسطینین ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔ایک اندازے کے مطابق اس مظاہرے میں 400 سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔مظاہرین نے اس موقع پر بڑی تعداد میں فلسطینی جھنڈے اور اسرائیل کے خلاف نعروں پر مشتمل کتبے اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر فلسطینی کمیٹی کے ارکان نے خطاب بھی کیا۔مقررین نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین کے بارے میں توسیع پسندانہ عزائم کبھی بھی خفیہ نہیں رہے اور مغربی کنارے کے بارے میں بھی ایسا ہی ہے۔ ہم فلسطینی اس کے خلاف مسلسل جدوجہد جاری رکھیں گے، چاہے دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت اسرائیل کی حمایت کرتی رہے۔اس مظاہرے کی خاص بات بیلجیئم میں موجود یہودی نوجوانوں کی شر کت تھی۔ جو اپنے بینر کے ساتھ شرکائے مظاہرے کی توجہ کا مرکز رہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور 25 یورپین ممالک کے 1080 ممبران پارلیمنٹ نے بھی اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر مجوزہ قبضے کو مسترد کرتے ہوئے اسے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔