بروک ، روٹ کی ریکارڈ سنچریاں،انگلینڈ نے سیریز جیت لی

   

کولمبو،28 جنوری (یواین آئی ) ہیری بروک (ناٹ آؤٹ 136) اور جو روٹ (ناٹ آؤٹ 111) کی شاندار سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے ونڈے میں سری لنکاکو53 رنز سے شکست دے کر سیریز2-1 سے اپنے نام کر لی۔ یہ تین سال بعد پہلا موقع ہے جب انگلینڈ نے غیر ملکی سرزمین پر کوئی دو طرفہ ونڈے سیریز جیتی ہے ۔انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے357 رنز بنائے ۔ جو روٹ نے ذمہ دارانہ اننگزکھیلتے ہوئے اپنی 20 ویں ونڈے سنچری مکمل کی، جبکہ ہیری بروک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف57 گیندوں پر سنچری اسکورکی۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے191 رنزکی ناقابلِ شکست شراکت ہوئی۔جواب میں سری لنکا نے جارحانہ آغازکیا۔ پاتھم نسانکا نے تیز نصف سنچری بنائی، جبکہ پاون رتھنائیکے نے شاندار121 رنزکی اننگز کھیلی، تاہم مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث میزبان ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، ول جیکس اور لیام ڈاسن نے اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیم کرن نے آخری اوورز میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ یہ شکست سری لنکا کے لیے بڑا دھکا ہے ، جس نے پانچ سال بعد اپنے گھر میں ونڈے سیریز ہاری، جبکہ انگلینڈ کے لیے یہ غیر ملکی کامیابی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔انگلینڈ کیلئے یہ سیریز اس لئے بھی اہم تھی کیونکہ اسے حالیہ دورہ آسٹریلیا پر ایشیز سیریز میں شکست ہوئی جس کی وجہ سے ٹیم شدید تنقید میں ہے ۔