ویلنگٹن۔ انگلش ٹیم کے نوجوان اور جارحانہ اوپنرہیری بروک کے شاندار184 ناٹ آؤٹ نے جمعہ کو یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کو مستحکم موقف فراہم کردیا ہے۔ بروک اپنی پہلی ڈبل سنچری کے لیے اچھی طرح سے آگے بڑھ رہے تھے لیکن آخری سیشن میں بارش نے دن کا ابتدائی اختتام کیا اور 24 سالہ نوجوان نے صرف 169گیندوں پر 184 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی جس میں 24 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔ نوجوان اوپنر کی اس یادگار سنچری کی بدولت انگلینڈ کا اسکور 315 تک پہنچا جبکہ اسے 3 ابتدائی جھٹکے برداشت کرنے پڑے۔ دوسرے سرے پر ان کے ساتھ جو روٹ تھے، جنہوں نے اپنی 29 ویں ٹسٹ سنچری (ناٹ آؤٹ 101) بنائی۔ اس جوڑی نے چوتھی وکٹ کے لیے 294 رنزکی ناقابل شکست پارٹنر شپ کے ساتھ میزبان ٹیم سے ابتدائی دن کی برتری چھین لی۔ بیسن ریزرو کی سبز پچ پر بیٹنگ آسان نہیں تھی اور ایک موقع پر انگلینڈ کا اسکور 21-3 تھا۔ اس موقع پر نوجوان اوپنر بروک نے پھر ایک مرتبہ ہیرو والی اننگز کھیلی۔ بروک جنہوں نے اب اپنے پچھلے پانچ ٹسٹ مقابلوں میں چارسنچریاں اسکور کی ہیں، تمام انداز، یقین اور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی۔ ان کی169گیندوںکی اننگز شاندار اسٹروک کے ساتھ تھی اور اس نے اسے مجموعی طور پر 807 ٹسٹ رنز تک پہنچا دیا، جو تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے نو اننگز کے بعد سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ہے۔ دوسری طرف روٹ جواپنی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو کے لیے ریویو سے بچ گئے اور پھر 31 رنز پر کوشش ہوئی اس کے بعد وہ اپنے شاندار ردھم میں رہے ۔ روٹ اور بروک کی رفاقت نے انگلینڈ کو اپنی مسلسل ساتویں ٹسٹ کامیابی اور سیریز میں فتح حاصل کرنے کے لیے بہترین موقف میں پہنچا دیا ہے جو چھ سالوں میں نیوزی لینڈکی پہلی گھریلو میدان میں شکست ہوگی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برنڈن مکالم کے انگلینڈ ٹیم کے کوچ بننے کے بعد سے انگلش ٹیم نے کئی تاریخی کارنامہ انجام دیئے ہیں جبکہ بروک ایک بڑا نام بن کر ابھر رہا ہے ۔علاوہ ازیں بروک کو آئی پی ایل 2023 کے لئے حیدرآباد کی ٹیم سن رائزرس حیدرآباد نے اپنی صفوں میں شامل کیا ہے جس کے بعد اب ان کے آئی پی ایل مظاہروں پر بھی شائقین کی نظریں ہیں۔ مختصر اسکور: انگلینڈ 315/3 (ہیری بروک 184 ناٹ آؤٹ، جو روٹ 101 ناٹ آؤٹ؛ میٹ ہنری 2-64)