روس میں سیاسی پناہ دیئے جانے کی اطلاع
دمشق : شام کے سابق صدر بشار الاسد ملک میں بغاوت کے بعد فرار ہوکر بذریعہ طیارہ ماسکو پہنچ گئے جہاں بشارالاسد اور ان کے ارکان خاندان کو انسانی بنیادوں پر سیاسی پناہ دی گئی ہے۔ باغیوں کی جانب سے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کے بعد بشارالاسد طیارہ کے ذریعہ فرار ہوگئے۔ قبل ازیں ان کے طیارہ حادثے میں ہلاکت کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں تاہم ان کے طیارے اور ممکنہ حادثے کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔ دمشق سے آج صبح اڑانے والے آخری طیارے کی 45 منٹ کی پرواز انتہائی مشکل رہی، سیرین ائیر لائن کے طیارہ Ilyushin Il-76T نے صبح 4 بجکر 50 منٹ پر دمشق سے ٹیک آف کیا اور طیارہ راڈار سے غائب ہوگیا تھا۔ اڑان کے 15 منٹ بعد تک طیارہ عراق کی طرف 21 ہزار فٹ کی بلندی پر چلتا رہا اور اڑان کے 20 منٹ بعد طیارے نے حمص کی طرف رخ کر لیا اور رفتار بھی بڑھا دی۔ بشار الاسد کا طیارہ روس جاتے ہوئے راڈار سے غائب ہوگیا تھا۔ تاہم بعد میں یہ اطلاعات ملی ہیں کہ وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ ماسکو پہنچ گئے ہیں اور انہیں روس کی حکومت نے سیاسی پناہ دے دی۔
حادثے میں مارے جانے کی متضاد اطلاعات مل رہی ہیں۔ حمص سے کچھ فاصلے پر طیارہ 1625 فٹ کی بلندی پر راڈار سے غائب ہوا۔بین الاقوامی میڈیا پر بشارالاسد کے اس طیارے میں موجودگی کی اطلاعات ہیں تاہم پوری طرح تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔