5 کروڑ 20 لاکھ آمدنی، نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ واقعات میں کمی
حیدرآباد۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے 2020 کے دوران ہیلمٹ کے بغیر گاڑی چلانے والے 3911108 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چالانات کئے ہیں جبکہ 2019 میں یہ تعداد 3519064 تھی۔ حیدرآباد میں ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی میں سب سے زیادہ ہیلمٹ کا عدم استعمال درج ہوا ہے جبکہ سب سے کم خلاف ورزی کمسن بچوں کی ڈرائیونگ ہے جس کے تحت 1382 چالانات وصول کئے گئے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سڑک حادثات میں ہلاک ہونے والے 50 فیصد سے زائد افراد حادثہ کے وقت ہیلمٹ کے بغیر پائے گئے۔ پولیس کے مطابق شراب پی کر گاڑی چلانے کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ ایک سال کے دوران ٹریفک خلاف ورزیوں کے سلسلہ میں 5291896 چالانات کئے گئے ہیں۔ ان میں 5590 افراد کو ڈرنک اینڈ ڈرائیونگ میں بک کیا گیا۔ گذشتہ سال یہ تعداد 29756 تھی۔ 629 افراد کو نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے پر قید کی سزا ہوئی جبکہ 2009 میں 4501 افراد کو سزا ہوئی تھی۔ جاریہ سال پولیس کو ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر چالانات سے 52033800 روپئے کی رقم حاصل ہوئی ہے جبکہ 2019 میں یہ رقم 92931700 تھی۔ 2020 میں تیز رفتار گاڑی چلانے پر 138138 کیسس درج کئے گئے جبکہ 2019 میں یہ تعداد 147398 تھی۔ رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کے 148523 کیسس درج کئے گئے جبکہ گذشتہ سال یہ کیسس 207472 تھے۔