بی آر ایس کیڈر حکمران کانگریس کی سازشوں سے ہوشیار ، پارٹی قائدین سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بلدیاتی انتخابات کو سیاسی طاقت کے مظاہرے میں بدلنے کے عزم کے ساتھ بی آر ایس کیڈر کو واضح پیغام دیا کہ وہ ریاست بھر میں ’ فتح کا گلابی جھنڈا ‘ لہرانے کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں ۔ ایس آئی ٹی کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد کے سی آر نے نندی نگر رہائش گاہ پر پارٹی قائدین سے ملاقات کی ۔ انہوں نے تنظیمی ہم آہنگی ، متحرک کیڈر اور زمینی سطح پر موثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے سابق وزراء ، ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل اور پارٹی کے سینئیر قائدین کو ہدایت دی کہ ریاست کی 116 میونسپلٹیز اور 7 میونسپل کارپوریشنس میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے پارٹی کے تمام قائدین نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے لیے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات محض مقامی اداروں کا انتخاب نہیں ہے بلکہ ریاستی سیاست میں عوامی اعتماد کے از سر نو اظہار کا موقع ہے ۔ کے سی آر نے پارٹی قائدین کو حکمران کانگریس پارٹی کی مبینہ سیاسی چالبازی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے دن طاقت کے مظاہرے کی کوشش ہوسکتی ہے ۔ اس لیے پارٹی کیڈر چوکسی اختیار کریں ۔ بی آر ایس کے سربراہ نے گلابی سپاہیوں کو زیادہ سے زیادہ بلدیات میں بی آر ایس کی موجودگی کو مضبوط کرنے اور عوامی مسائل کو انتخابی مہم کا محور بنانے کی تلقین کی ۔۔ 2