حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) حدود میں مجوزہ 50 مسنگ لنکس / سلپ روڈس کے کام رک گئے ہیں کیوں کہ ریاستی حکومت کے پاس اس پر عمل درآمد کرنے کے لیے فنڈس نہیں ہیں ۔ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ (HRDCL) نے نشاندہی کردہ 104 میں 50 لنک روڈس کو قطعیت دیا تھا اور گذشتہ سال مختلف پیاکیجس میں 1500-1000 کروڑ روپئے کے لیے ٹنڈرس بھی جاری کئے تھے لیکن فنڈس کی قلت کے باعث اس پراجکٹ کو ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ۔ ریاستی حکومت نے 114 سڑکوں کے لیے مسنگ ، ڈیولپمنٹ اینڈ امپرومنٹ روڈ پراجکٹ کو وسعت دینے فیز III کے لیے 2410 کروڑ روپئے کی منظوری دی تھی جس میں 104 سڑکوں کی نشاندہی جی ایچ ایم سی حدود میں کی گئی ۔ ریاستی حکومت نے ابتداء میں 1500 کروڑ روپئے مصارف سے ترجیحی اساس پر 50 سڑکوں کے کام شروع کرنے کی اجازت دی تھی ۔ اس پراجکٹ میں ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے فنڈ فراہم کرنا تھا ۔ معلوم ہوا کہ مالیاتی اداروں نے اس پراجکٹ کے لیے میقاتی قرض فراہم کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی ہے ۔