بلدی انتخابات میں نوے فیصد کانگریس امیدواروں کی کامیابی یقینی

   

کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ، امریکہ سے چیف منسٹر کی زوم میٹنگ

حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات میں 90 فیصد نشستوں پر کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوگی اورکانگریس پارٹی کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی بی فارم جاری کرے گی۔ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے امریکہ سے پارٹی قائدین کے ہمراہ منعقدہ زوم میٹنگ کے دوران یہ بات کہی۔ چیف منسٹر نے کانگریس قائدین بشمول اے آئی سی سی انچارج محترمہ میناکشی نٹراجن ‘ پی سی سی صدر مسٹر مہیش کمار گو ڑکے علاوہ دیگر ریاستی وزراء کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران کہا کہ پارٹی قائدین کو ایسے امیدواروں کو ہی ’’بی فارم‘‘ جاری کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے جو کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو انتخابی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اس کے مطابق ریاست میں بلدی انتخابات میں 90 فیصد بلدی حلقوں پر کانگریس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں عوامی رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ مخالف حکومت لہر نہ ہونے کے نتیجہ میں بیشترامیدوار بلدی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ کانگریس کے ’بی فارمس‘ اور امیدواروں کے انتخاب سے قبل منعقدہ اس آن لائن اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ امریکہ سے واپسی کے فوری بعد پارٹی کے سرکردہ قائدین کے علاوہ ضلعی قائدین کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے اور انتخابی مہم میں حصہ لینے کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ مسٹر اے ریونت ریڈی جو کہ امریکہ کے دورہ پر ہیں کہا جارہاہے کہ اپنے دورہ سے واپسی کے فوری بعد سیاسی تبدیلیوں پر قائدین کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بلدی انتخابات کے حوالہ سے منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بلدی انتخابات میں کانگریس کے زیادہ سے زیادہ امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی رائے دہندوں سے اپنی دو سالہ کارکردگی کی رپورٹ کے ساتھ رجوع ہوگی اور عوام کو اس بات سے واقف کروایا جائے گا کہ ریاست میں حکومت نے اپنے اقتدار میں آنے کے بعد کس طرح کے اقدامات کے ذریعہ عوام کو فائدہ پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیاہے۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے ریاستی وزراء سے تلنگانہ کے جن اضلاع میں انتخابات منعقد ہونے ہیں ان مقامات و بلدیات کے زمینی حقائق کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ جن بلدیات میں کانگریس کے ایک سے زائد امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ان بلدیات میں پارٹی قائدین کو کامیاب ہونے والے امیداروں کو ہی بی فارم کی اجرائی یقینی بنانے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ دیگر قائدین کو جنہوں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہوا ہے انہیں دستبردار کروانے کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ کانگریس کے ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچایاجاسکے۔ ریونت ریڈی جو کہ آئندہ دو یوم کے دوران اپنے دورہ امریکہ کو مکمل کرتے ہوئے واپس ہونے والے ہیں وہ اپنی واپسی کے ساتھ ہی انتخابی مہم کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کرسکتے ہیں اور ان کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔کانگریس پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے دورہ سے واپسی کے بعد ان کے پروگراموں میں بلدی انتخابات کیلئے انتخابی مہم کے علاوہ حکمت عملی کی تیاری کے منصوبوں کی تیاری بھی شامل ہے جبکہ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے بھی تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کے امور کے سلسلہ میں دہلی میں اجلاس طلب کئے جانے کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ 3

انقلابی گلوکارو شاعر غدر کی یوم پیدئش پر خراج،آنجہانی کا تحریک تلنگانہ میں اہم کردار، ریونت ریڈی
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی نے انقلابی شاعر و گلوکار بالا دیر غدر کے یوم پیدائش پر ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلابی شاعر غدر نے اپنے نغموں اور نظموں کے ذریعہ تحریک تلنگانہ میں نئی جان پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کانگریس پارٹی نے اقتدار میں آنے کے بعد تلنگانہ کی آواز تصور کئے جانے والے غدر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ’’غدر ایوارڈ ‘‘ کا آغاز کیا تاکہ انقلابی شاعر کی خدمات کو یادرکھا جاسکے۔ 3
چیف منسٹر تلنگانہ نے علحدہ ریاست کی تشکیل اور عوامی انصاف کے لئے غدر کے گانوں کو ایک تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام میں علحدہ ریاست کی تحریک پیدا کرنے میں ان کے نغموں کا اہم کرداررہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے غدر کی یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیام میں کہا کہ غدر نے اپنی انقلابی شاعری کے ذریعہ نہ صرف تلنگانہ و آندھراپردیش بلکہ ہندستان اور دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت بنائی تھی اور تلنگانہ کے مسائل اور تلنگانہ عوام کی جدوجہد کو دنیا بھر میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔انہو ںنے بتایا کہ غدر کے نغموں کو اب بھی انقلابی تحریکوں کی جان تصور کیا جاتا ہے اسی لئے تلنگانہ میں کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ’غدر ایوارڈ‘ کا آغاز کرتے ہوئے تلگو فلم انڈسٹری میں خدمات انجام دینے والے سرکردہ اداکاروں ‘ گلوکاروں اور کے لئے یہ ایوارڈ شروع کیا ہے۔3