بلدی نتائج سے حکومت کی ذمہ داریوں میں اضافہ: سریدھر بابو

   

حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ بلدی چناؤ کے نتائج حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو عوامی تائید کا واضح ثبوت ہے۔ نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس قائدین کو یقین تھا کہ عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انتخابی کامیابی ہے بلکہ عوامی حکومت کی جانب سے فلاحی خدمات کی انجام دہی کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہے۔ بعض گوشوں کی جانب سے سیاسی فائدہ کیلئے ریاست کے امیج کو متاثر کرنے کی سازش کی گئی جسے عوام نے ناکام کردیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں ریاست کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے علاوہ حکومت نے ترقیاتی و فلاحی اسکیمات پر عمل کیا۔ نتائج سے حکومت کی ذمہ داری میں مزید اضافہ ہوگا اور آئندہ تین برسوں میں ہر شعبہ کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔ سریدھر بابو نے اپوزیشن کے پروپگنڈہ کو مسترد کرنے پر رائے دہندوں کو مبارکباد پیش کی اور کانگریس قائدین اور کارکنوں کی محنت کو سراہا ۔ انہوں نے کانگریس انچارج میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے علاوہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔1