آتش بازی و مٹھائی کی تقسیم ، قائدین اور کارکنوں کی ایک دوسرے کو مبارکباد
حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) بلدی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر پارٹی ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا۔ جیسے جیسے نتائج کا اعلان کیا جارہا تھا ، گاندھی بھون میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دوپہر میں نتائج کا موقف واضح ہونے کے بعد گاندھی بھون میں جشن کا آغاز ہوا۔ آتشبازی کی گئی اور کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ کارکنوں نے باجے پر رقص کرتے ہوئے خوشی منائی۔ میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے چناؤ میں کانگریس نے سبقت حاصل کی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور راہول گاندھی کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔ قائدین نے کہا کہ کارکنوںکی محنت کے نتیجہ میں پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ قومی قیادت نے ریاستی قیادت کی بھرپور رہنمائی کی ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، فشریز کارپوریشن کے صدرنشین سائی کمار ، سینئر لیڈر روہن ریڈی اور دیگر قائدین نے جشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر عوام نے کانگریس کے حق میں فیصلہ سنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج چناؤ کے نتائج کی طرح مجالس مقامی میں کانگریس نے اپوزیشن پارٹیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ قائدین نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی دس برس تک برسر اقتدار رہے گی۔ جشن کا سلسلہ شام تک جاری رہا ۔1