بلدی چناؤ میں کانگریس کی تاریخ ساز کامیابی: اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار گوڑ نے بلدی انتخابی نتائج کو کانگریس کی انقلابی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پارٹی نے بلدیات اور کارپوریشنوں میں یکطرفہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت کو عوامی تائید کا ثبوت دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کا عوام پر بہتر اثر پڑا اور شہری علاقوں میں پارٹی نے اپنا پرچم لہرایا۔ کانگریس کارکنوں اور قائدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابی نتائج حکومت کیلئے مثبت ثابت ہوں گے اور عوام کی بھلائی کیلئے مزید بہتر انداز میں کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتہائی منظم انداز میں مہم چلائی جس کا سہرا متحدہ کانگریس قیادت کو جاتا ہے ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دو برسوں میں حکومت نے عوام کا دل جیتے ہوئے 90 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ سوریا پیٹ ضلع کی حضور نگر ، نریڈ چرلہ ، کوداڑ، سوریا پیٹ اور دیگر میونسپلٹیز میں بی آر ایس اور بی جے پی کا صفایا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ضلع نلگنڈہ میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر وہ عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔1