اسلام آباد؍ واشنگٹن ۔ بلنکن اور بلاول بھٹو کا باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر گفتگو میں انہیں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں قائدین نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ بات چیت کے دوران امن، ترقی اور سیکوریٹی کے امور پر ایک ساتھ مل کر آگے کی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے، جن میں انسداد دہشت گردی اور بارڈر سکیورٹی بھی شامل ہے۔