بلڈنگ پرمیشن اور غیر مجاز تعمیرات کے مقدمات کیلئے علحدہ ٹریبونل

   

چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کی حکومت کو تجویز
حیدرآباد ۔13 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بلڈنگ پرمیشن ، غیر مجاز تعمیرات اور انہدام سے متعلق تنازعات کی یکسوئی کیلئے خصوصی ٹریبونل کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ ایک خانگی کنسٹرکشن کمپنی کو بلڈنگ پرمیشن کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو سنگل جج کی جانب سے خارج کردیا گیا۔ اس کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل دائر کی گئی۔ اپیل کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے کہا کہ غیر مجاز تعمیرات اور انہدام کی نوٹسوں کے علاوہ بلڈنگ پرمیشن سے متعلق ہائی کورٹ میں درخواستوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس طرح کے معاملات کی یکسوئی کے لئے خصوصی ٹریبونل تشکیل دیا جانا چاہئے ۔ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت دی کہ اس تجویز سے تلنگانہ حکومت کو واقف کرایا جائے تاکہ علحدہ ٹریبونل کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے اس مسئلہ پر حکومت سے بات چیت کا تیقن دیا۔1