بلیک مارکیٹنگ کے خلاف وزیر داخلہ کا انتباہ

,

   

سفید راشن کارڈ گیرندوں کو حکومت کی طرف سے مفت راشن اور نقد رقم
حیدرآباد ۔ 25 مارچ ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی نے شہر کے علاقہ ایسٹ زون کا دورہ کیا اور لاک ڈاؤن کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر جناب محمود علی نے مقامی عوام سے تبادلہ خیال کیا اور ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون کے دفتر پہنچ کر طلبہ و نوجوانوں کی جانب سے ون ٹائم پاس کی درخواستوں کی فی الفور کی یکسوئی کرنے اور انہیں مدد کرنے کی ہدایت دی ۔ علاقہ کا معائنہ کرنے کے بعد جناب محمود علی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفید راشن کارڈ رکھنے والے افراد کو عنقریب 12کیلو چاول اور 1500روپئے فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ضروری اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف انتباہ دیا اور اس میں ملوث ہونے والے تاجرین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ مہلک کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے پیش نظر چیف منسٹر تلنگانہ نے ریاست کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے فیصلے کی ملک بھر میں ستائش کی گئی ہے اور لاک ڈاؤن پر مکمل طورپر عمل آوری کیلئے حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے بھی سماجی فاصلہ رکھا جائے اور انہوں نے عوامی سے اپیل کی ہے کہ ان ہنگامی حالات میں عوام پولیس اورحکومت سے تعاون کریں ۔