آر جے ڈی بھی بل کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع
پٹنہ:پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن جماعتوں کی شدید مخالفت کے باوجود حکومت وقف ترمیمی بل پاس کرنے میں کامیاب رہی۔ لیکن اپوزیشن جماعتیں بل کی مخالفت سے پیچھے نہیں ہٹ رہی ہیں۔ کئی سیاسی جماعتیں اس بل کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کر چکی ہیںاور اب اس فہرست میں آر جے ڈی بھی شامل ہو گئی ہے۔ اس تعلق سے بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے پٹنہ میں پریس کانفرنس کر جانکاری دی۔ آر جے ڈی سے قبل کانگریس، مجلس اور عآپ نے بھی وقف ترمیمی بل کیخلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر بہار میں ہماری حکومت آئی تو اس بل کو ہم کچرے کے ڈبے میں پھینک دیں گے۔ وقف کی لڑائی ایوان، سڑک اور عدلیہ تک جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم لوگ جس طرح ریزرویشن کی لڑائی کیلئے سڑک سے ایوان تک آواز اٹھاتے ہوئے عدالت تک گئے۔ اسی طرح وقف بورڈ کو لیکر مسلمانوں کے ساتھ جو ناانصافی ہو رہی ہے اسی سلسلے میں آج ہفتہ 5 اپریل کو راشٹریہ جنتا دل سپریم کورٹ گئی ہے۔ کانگریس‘ مجلس اتحادالمسلمین اورعام آدمی پارٹی پہلے ہی اس کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ چکے ہیں ۔