سڈنی: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سڈنی میں کچھ شائقین نے ہندوستانی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ اور محمد سراج پر نسلی تبصرے کیے جس کے بارے میں ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے شکایت درج کرائی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تیسرے دن کے کھیل کے بعد ٹیم کے کپتان اجنکیا رہانے اور آف اسپنر روی چندرن اشون کی سربراہی میں کچھ سینئر کھلاڑیوں نے سڈنی ٹیسٹ کے دونوں امپائروں پال رائفل اور پال ولسن کو ان دونوں کھلاڑیوں پر نسلی تبصرے سے آگاہ کیا ہے کہ ان کے دو کھلاڑیوں پر نسلی تبصرے کئے گئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کچھ تماشائیوں نیاس طرح کا سلوک کیا تھا اور جب ایسا برتاؤ تیسرے دن بھی ہوا تو دونوں فاسٹ بالروں نے یہ شکایت درج کرائی۔ اس شکایت کے درج ہونے کے بعد امپائروں، سکیورٹی حکام اور ہندوستانی کھلاڑیوں کے مابین مجموعی طور پر پانچ منٹ تک بات چیت ہوئی اور ہندوستانی ٹیم ڈریسنگ روم کے قریب ہی رہی۔ ہندوستانی سیکیورٹی حکام میدان میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں سے تقریبا پانچ منٹ تک بات چیت کرتے رہے اور اس دوران آئی سی سی کے سکیورٹی آفیسر بھی موجود تھے۔ اسی دوران کرکٹ آسٹریلیا نے سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی اور بی سی سی آئی سے معذرت خواہی کی۔ سین کیرل کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ نے کہاکہ اگر نسلی بدکلامی کرنا ہوتو آپ کا آسڑیلیا کی کرکٹ میں کوئی جگہ نہیں۔کرکٹ آسٹریلیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اس معاملہ کی جانچ کے نتیجہ کا انتظار کررہا ہے ۔اس واقعہ کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے بعد کرکٹ آسڑیلیا انسداد ہراسانی کوڈ بشمول طویل عرصہ تک ان پر پابندی کے تحت سخت اقدامات کرے گا۔اس معاملہ کو این ایس ڈبلیو پولیس سے بھی رجوع کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سیریز کی میزبانی کررہے ہیں اسی لئے ہم ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہمارے دوستوں سے معذرت خواہی کرتے ہیں اور ان کو یقین دلاتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسی دوران سابق کھلاڑی وی وی ایس لکشمن نے اس واقعہ پر فوری ٹوئیٹ کیا اور کہاکہ یہ افسوسناک واقعہ ہے ۔ایسے ریمارکس کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔