بمراہ نے پہلا مقام گنوادیا،ٹرینٹ بولٹ نئے نمبر ون

   

دبئی۔ 13فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں مایوس کن بولنگ کا اثر ہندوستان کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی درجہ بندی پر پڑا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں جسپریت بمراہ نے بولنگ میں اپنا پہلامقام گنوا دیا ہے۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریز میں بمراہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے ۔ تازہ ترین درجہ بندی میں بمراہ کے 45 درجہ بندی پوائنٹ کم ہوئے ہیں اور آئی سی سی کی ونڈے کی درجہ بندی میں وہ دوسرے مقام پر کھسک گئے ہیں۔ بیٹسمینوں کی ونڈے فہرست میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے باوجود ویراٹ کوہلی نے اپنا پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔ بمراہ کے اب 719 پوائنٹ ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ اب ونڈے میں نمبر ون بولر بن گئے ہیں، بولٹ کے 727 پوائنٹ ہیں۔افغانستان کے مجیب الرحمن 701 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور جنوبی افریقہ کے کگیسو رباڈا 674 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔بولروں کی ونڈے درجہ بندی میں بمراہ ٹاپ 10 میں ہندوستان کے واحد بولر ہیں۔ بیٹسمینوں کی ونڈے درجہ بندی میں ابتدائی دو مقامات پر ویراٹ کوہلی اور روہت شرما قابض ہیں۔ کوہلی کے 869 اور روہت کے 855 پوائنٹس ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم 829 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ونڈے سیریز کی شاندار کارکردگی کے بعد راس ٹیلر ایک مقام کی برتری کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔