حیدرآباد5 فروری(یواین آئی) تلنگانہ کے کریم نگر کی پولیس نے دو ہفتے پہلے ہی انقلابی طریقہ کارمیاواکی تکنیک کے ذریعہ پولیس ٹریننگ سنٹر میں شجرکاری کی تھی اس تکنیک کے ذریعہ پودے تیز تر اگتے ہیں تاہم بندروں نے ان لگائے گئے پودوں کو برباد کردیا۔یہ بندر قریبی جنگل سے یہاں آتے ہیں۔پولیس نے ان پودوں کو محفوظ رکھنے کے لئے انوکھے خیال پر کام کرنا شروع کیا۔پولیس نے ان بندروں کو ڈرانے اور ان پودوں کے قریب آنے سے روکنے کے مقصد سے لنگوروں کا استعمال کیا۔ بندر، لنگوروں سے ڈرتے ہیں کیونکہ لنگور نہ صرف ان سے سائز میں بڑے ہوتے ہیں بلکہ جارحانہ بھی ہوتے ہیں۔ پولیس نے ٹریننگ سنٹر کے باہر ان لنگوروں کے بڑے بڑے پورٹریٹس لگائے تا کہ اندر بھی ان بندروں کو آنے سے روکا جاسکے ۔پولیس کا یہ خیال کام کرگیا اور اس طرح گزشتہ چند دنوں سے بندر،پولیس اکیڈیمی سے دور ہیں۔اس اکیڈیمی میں 12,500پودے لگائے گئے تھے ۔