عبوری صدر نشین نے حلف دلایا ، وزراء اور ٹی آر ایس کے قائدین نے مبارکبادی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ایم ایل کوٹہ میں کونسل کے لیے منتخب بنڈا پرکاش نے آج کونسل کی رکنیت کا حلف لیا ۔ عبوری صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل بھوپال ریڈی نے انہیں اپنے چیمبر میں کونسل کی رکنیت کا حلف دلایا ۔ واضح رہے کہ کونسل کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے بنڈا پرکاش نے چار دن قبل ہی راجیہ سبھا کی نشست سے مستعفی ہوگئے تھے ۔ صدر نشین راجیہ سبھا ایم وینکیا نائیڈو نے دو دن قبل ہی ان کا استعفیٰ منظور کیا تھا جس کے بعد آج بنڈا پرکاش نے اپنے ارکان خاندان اور ٹی آر ایس قائدین اور وزراء کی موجودگی میں کونسل کی رکنیت کا حلف لیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء محمد محمود علی ، ای دیاکر راؤ ، ستیاوتی راٹھور ، کے علاوہ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد کے کیشو راؤ ، ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل کڈیم سری ہری ، محمد فاروق حسین ، ایم ایس پربھاکر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ٹی راجیا ، جی وینکٹ رام ریڈی ، سدھاکر راؤ کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ حلف برداری کے بعد گروپ فوٹو گرافی بھی ہوئی ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بنڈا پرکاش نے انہیں پہلے راجیہ سبھا اور اب کونسل کے لیے منتخب کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور پارٹی کے استحکام کے لیے خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔۔ ن