بنگال تشدد: تفتیش کی عرضی پر ریاست کو نوٹس

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں ووٹوں کی گنتی کے دن بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو کارکنوں کے مارے جانے کے معاملہ کی خصوصی تفتیش کرائے جانے سے متعلق عرضی پر منگل کو ریاستی حکومت سے جواب طلب کیا۔جج ونیت سرن اور جج بی آر گوئی کی تعطیلی بنچ نے بنگال تشدد میں مارے گئے بی جے پی کارکنوں ابھیجیت سرکار کے بھائی وشوجیت سرکار کی رٹ عرضی کی سماعت کرتے ہوئے مغربی بنگال حکومت کو نوٹس جاری کیا۔عدالت نے معاملہ کی سماعت کے لئے اگلے منگل کی تاریخ مقرر کی ہے ۔عرضی گزار کا الزام ہے کہ اس کے بھائی کا قتل ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے گزشتہ دو مئی کو ووٹوں کی گنتی کے دن کردیا تھا۔ بی جے پی کا ایک بوتھ کارکن ہرن ادھیکاری بھی مبینہ طورپر تشدد کا شکار ہوا تھا۔عرضی گزار نے عدالت کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم سے جانچ کرانے کی عرضی میں درخواست کی ہے ۔عرضی گزار نے اس کے علاوہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے ایک بار پھر سے اقتدار میں آنے کے بعد ہوئے تشدد کی خصوصی جانچ بھی کرائے جانے کی بھی درخواست کی ہے ۔عرضی گزار کی طرف سے سینئر وکیل مہیش جیٹھ ملانی پیش ہوئے ۔