بنگال ضمنی انتخابات میں ممتا بنرجی کیخلاف دنیش ترویدی کی امیدواری کا امکان

   

نئی دہلی: مغربی بنگال میں 30 ستمبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے سابق وزیر ریلوے دنیش ترویدی کی امیدواری کا امکان ہے۔دراصل ممتا بنرجی ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام کی سیٹ پر بی جے پی کے امیدوار شوبندو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں لیکن الیکشن میں ترنمول کانگریس کو کثیر اکثریت ملی تھی جس کے بعد ممتا بنرجی نے تیسری باروزیراعلی کے عہدہ کا حلف لیا تھا۔ آئینی نظام کے سبب انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے لئے چھ مہینے کے اندر اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے جو حد 5 نومبر کو ختم ہورہی ہے۔ اسی کے مدنظر الیکشن کمیشن کی طرف سے تین اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ترنمول کانگریس کی طرف سے بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے پارٹی نے ممتا بنرجی کو بطور امیدوار انتخابی میدان میں اُتا را ہے۔ بی جے پی قیادت اس سیٹ سے 7 قائدین کے نام پر غور کررہی ہے ۔ ممتا بنرجی کے خلاف بی جے پی امیدوار کے بارے میں پارٹی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہاکہ ہمارے یہاں امیدواروں کے انتخاب کاایک عمل ہے۔