ناڈیا/کولکتہ7 اپریل (ایجنسیز) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج الزام عائد کیا کہ ریاست میں خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے بعد ووٹر فہرستوں سے متوا برادری اور اقلیتی طبقوں کے افراد کے نام حذف کردیے گئے ہیں۔ناڈیا ضلع کے چکدہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس ان تمام افراد کے ساتھ کھڑی رہے گی جن کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل شفاف نہیں تھا اور اس میں مخصوص طبقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایس آئی آر عمل کے بعد مغربی بنگال میں تقریباً 91 لاکھ ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ میں ان کی مداخلت کے بعد زیر التوا تقریباً 60 لاکھ معاملات میں سے 32 لاکھ نام بحال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ متوا، راج بنشی اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ووٹروں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ریاست میں 294 رکنی اسمبلی کے انتخابات دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو منعقد ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔K/H