بنگال میں امن وامان کی صورتحال دیگر ریاستوں سے بہتر:ممتا

   

کولکاتا : مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں جس کی وجہ سے وہاں کا سیاسی ماحول گرم ہے۔ بی جے پی نے وہاں پریورتن یاترا شروع کی ہو ئی ہے اور بی جے پی بنگال کی امن امان کی صورتحال کولے کر ممتا حکومت کی تنقید کرتی رہی ہے۔اسی دوران وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتابنر جی نے دعویٰ کیا کہ دیگر ریاستوں کی بنسبت بنگال کی امن امان کی صورت حال بہت بہتر ہے۔ممتا بنرجی مالدا سے لوٹنے کے دوران مرشدآباد میں تھوڑی دیر کے لئے ٹھہری تھیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مرشدآباد میں امن وامان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور اب سب کچھ قابو میں ہے۔وزیراعلیٰ نے مغربی بنگال میں وزیرداخلہ امت شاہ کے دورے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ کسی بھی پارٹی کا کوئی بھی لیڈر اپنے سیاسی پروگرام کے پیش نظر ریاست کا سفرکرسکتا ہے۔