کولکاتہ ۔ 25 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں این آر سی پر عمل آوری کے لئے بی جے پی کے ارادے اور شہریت ترمیمی بل کو پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے امکان کے درمیان چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج اعلان کیا کہ اُن تمام رفیوجی کالونیوں کو باقاعدہ بنانے کی کوششیں کریں گے ، جو مرکزی حکومت کی اور خانگی اراضیات پر قائم ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ نقلِ مقام کرنے والے لوگوں کو بھی ترنمول کانگریس حکومت لینڈ رائیٹس دیگی۔ یہ فیصلہ ظاہر طورپر بی جے پی کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے کیا گیاہے کیونکہ زعفرانی کیمپ شہریت ترمیمی بل کی منظوری سے فائدہ اُٹھانے کوشاں ہیں۔ یہ بل پارلیمنٹ کے جاریہ سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ہم نے پناہ گزینوں کی تمام بستیوں کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا واحد مقصد یہ ہے کہ تقریباً 50 سال سے اُن کا معاملہ لیت و لعل میں پڑا ہوا ہے ۔ مارچ 1971 ء سے اُنھیں کوئی بھی زمین پر قبضہ نہیں دیا گیا ہے ۔