بنگال کو بدنام کرنے کی سازش کا بلیو پرنٹ امیت شاہ نے لکھا

   

ریاست میں انتخابات سے قبل صدر راج نافذ کرنے کی سازش۔ ممتابنرجی کی سخت تنقید

کولکتہ 2 اپریل ( ایجنسیز) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے مالڈا میں جوڈیشیل آفیسرس کے گھیراؤ کے مسئلہ پر بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سازش کا بلیو پرنٹ تیار کیا ہے تاکہ بنگال میں بد امنی کو ہوا دی جاسکے اور اسمبلی انتخابات سے قبل صدر راج نافذ کیا جاسکے ۔ ساگر ڈگھی اور سوٹی میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے ممتابنرجی نے بی جے پی پر تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اس کے جھانسہ میں نہیں آنا چاہئے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن جوڈیشیل آفیسرس کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی لڑائی لڑ رہی ہیں حالانکہ ان کے انتظامی اختیارات سلب کرلئے گئے ہیں۔ ممتابنرجی نے کہا کہ میرے اختیارات سلب کرلئے گئے ہیں اور بنگال کو بدنام کیا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ میں سے کسی نے بھی مجھے مالڈ اواقعہ کی اطلاع نہیں دی ۔ انہوں نے جوڈیشیل آفیسروں کے گھیراؤ کے مسئلہ پر یہبات کہی ۔ سپریم کورٹ کی سرزنش کی حمایت کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے درست کہا ہے ۔ سپریم کورٹ نے بنگال انتظامیہ پر شدید تنقید کی ہے کہ وہ گھیراؤ کے افسوسناک واقعہ پر کوئی کارروائی نہیں کرپائے اور سات عہدیداروں پر حملہ ہوا ہے جب وہ مالڈا میں ایس آئی آر کی مہم چلا رہے تھے ۔ انہوں نے اس و اقعہ کی سی بی آئی یا این آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ عوام کو احتجاج کا حق ہے لیکن کسی کو بھی ججس یا جوڈیشیل عملہ کو ہاتھ نہیں لگانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مالڈا واقعہ کو بنگال کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن جاری
کولکاتہ، 2 اپریل (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے جمعرات کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔کولکاتہ گزٹ میں شائع نوٹیفکیشن کے مطابق، دوسرے مرحلے کیلئے کل 142 اسمبلی سیٹوں کیلئے ووٹنگ 29 اپریل کو ہوگی۔ امیدوار 9 اپریل تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 10 اپریل کو کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 13 اپریل ہے۔کمیشن کے مطابق تمام متعلقہ اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی اور شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔ یہ وقت تمام نشستوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ دونوں مرحلوں کے ووٹوں کی گنتی 6 مئی کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں ریاست کے کئی اہم اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہونی ہے ، جس میں ندیہ، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، کولکاتہ، ہاوڑہ، ہُگلی اور بردھمان جیسے اہم اضلاع کی سیٹیں شامل ہیں۔ بھوانی پور، ٹولی گنج اور بیہالا جیسی کولکتہ کی مشہور سیٹوں پر بھی اسی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔نوٹیفکیشن میں، ریاست کے گورنر نے تمام اسمبلی حلقوں کے شہریوں سے ووٹنگ میں حصہ لینے اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کی اپیل کی ہے۔
نیز یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ موجودہ اسمبلی 7 مئی تک کام کرے گی جس کے بعد یہ خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔