بنگلورو میں 48 اسکولوںکو بم سے اُڑانے کی دھمکی

,

   

احاطے خالی کرائے گئے۔ ملزم 24 گھنٹوں میں پکڑے جائیں گے: ڈپٹی سی ایم

بنگلورو: کرناٹک میں 48پرائیویٹ اسکولوں کو بم کی دھمکیاں ملی ہیں۔ یہ دھمکی جمعہ یکم دسمبر کو ای میل کے ذریعے دی گئی، جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ تمام اسکولوں کو بیک وقت ایک ای میل موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسکولوں کے اندر بم نصب کیے گئے ہیں۔ اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے اسکولوں سے طلباء اور عملے کو نکال کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بم ڈفیوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور اینٹی سبوٹیج ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ بم کی اطلاع ملتے ہی والدین اپنے بچوں کو لینے پہنچے۔ اس سے افراتفری پیدا ہوئی۔ تاہم ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیوکمار نے ای میل کو افواہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم 24 گھنٹے میں ملزم کو پکڑ لیں گے۔بم کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیوکمار ایک اسکول پہنچے، جہاں ای میل آئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ جب میں نے ٹی وی پر اسکولوں میں بم کی خبریں دیکھی تو مجھے تشویش ہوئی۔ جن اسکولوں کو دھمکیاں ملی ہیں ان میں سے کچھ میرے گھر کے قریب ہیں۔ پولیس نے مجھے ای میل دکھائی ہے۔ یہ جعلی ہے ہو سکتا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر نے یہ کام کیا ہو۔ سائبر کرائم پولیس متحرک ہے۔ ہم انہیں پکڑ لیں گے۔
پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں چوکنا رہنا چاہیے۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے۔ پولیس نے کہا کہ 8 اپریل 2022 کو بنگلورو کے سات اسکولوں کو اسی طرح بم کی دھمکی ملی تھی، لیکن یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔