بنگلہ دیش : سپریم کورٹ کا 2026انتخابات کے بعد نگراں حکومت کی بحالی کا حکم

   

ڈھاکہ، 21 نومبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کے اپیلیٹ ڈویژن نے نگراں حکومت کے نظام کو بحال کرتے ہوئے ایک باضابطہ فیصلہ جاری کیا ہے ، جس کے تحت آئین میں انتخابات کے دوران غیر جانب دار نگراں حکومت (این پی سی جی) کے نظام کو مستقبل میں دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ یہ نظام 2011 میں وزیراعظم شیخ حسینہ کی اُس وقت کی عوامی لیگ حکومت نے ختم کر دیا تھا۔عدالت نے اعلان کیا کہ این پی سی جی نظام، جسے 1996 کے 13ویں آئینی ترمیم کے ذریعے شامل کیا گیا تھا، اب “فعال اور بحال” کر دیا گیا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ گزشتہ فیصلے میں متعدد ایسی غلطیاں تھیں جو ریکارڈ پر واضح طور پر درج تھیں، اسی وجہ سے اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔بزنس اسٹینڈرڈ بی ڈی کے مطابق، یہ نظام آنے والے عام انتخابات پر نافذ نہیں ہوگا کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں نگراں حکومت کے نظام کو فوراً نافذ کرنے کے بجائے بتدریج اور مرحلہ وار نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔عدالتی ہدایات کے مطابق، فروری 2026 میں ہونے والے 13ویں پارلیمانی انتخابات موجودہ عبوری حکومت کے تحت کرائے جائیں گے ، جبکہ اس کے بعد ہونے والے 14ویں قومی انتخابات کی نگرانی بحال شدہ نگراں حکومت کرے گی۔ اس طرح اس نظام کا مکمل نفاذ آئندہ انتخابات کے بعد ہوگا۔اس فیصلے کا بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعتِ اسلامی پارٹی دونوں نے استقبال کیا ہے اور اسے شہریوں کے ووٹ کے حق کی جیت اور انتخابی شفافیت کو مضبوط کرنے والا قدم قرار دیا ہے ۔