بنگلہ دیش: صحافی کے قتل کے الزام میں سیاستداں گرفتار

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی پولیس نے ایک ایسے سیاست دان کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ اْس صحافی کے قتل کا ماسٹر مائنڈ ہے جس نے سیاست دان کے خاندان کے بارے میں خبریں لکھی تھیں۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک کی ایلیٹ ریپڈ ایکشن بٹالین (راب) نے ایک بیان میں کہا کہ محمود العالم بابو کو ملک گیر تلاش کے بعد بھارتی سرحد کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔50 سالہ سیاستدان پر چہارشنبہ کے روز غلام ربانی ندیم کے قتل کا انتظام کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جنہیں ضلع جمال پور میں ان کے گھر کے قریب مردوں کے ایک گینگ نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد وہ ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔مقامی پولیس کے سربراہ سہیل رانا نے کہا کہ محمود العالم بابو اپنی حالیہ طلاق کے بعد ایک بچے کی تحویل کے تنازعہ پر سلسلہ وار خبروں کا بدلہ لے رہے تھے، ’وہ صحافی کے قتل میں نمبر ایک ملزم ہیں‘۔پولیس سربراہ نے مزید کہا کہ ’ایک صحافی نے انہیں جائے واردات پر دیکھا تھا جہاں غلام ربانی ندیم کو مردوں کے ایک گروپ نے مارا پیٹا تھا‘۔سہیل رانا نے کہا کہ محمود العالم بابو وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکمران عوامی لیگ کے مقامی ونگ کے جنرل سیکریٹری ہیں۔پارٹی نے انہیں قتل میں ایک مشتبہ نامزد کیے جانے کے فوراً بعد نکالنے کا اعلان کیا۔مقامی پریس کلب کے صدر شاہین الامین نے کہا کہ محمود العالم بابو، صحافی کی جانب سے اپنے خاندانی جھگڑے کی ’وسیع کوریج‘ سے ناراض تھے۔