بنگلہ دیش میں جامعات عید تک بند کرنے کا اعلان

   

ڈھاکہ ۔ 9 مارچ (ایجنسیز) بنگلہ دیش کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور توانائی بحران کے پیش نظر ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کو عید تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے عید کی تعطیلات وقت سے پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آج سے ملک بھر کی جامعات بند رہیں گی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی بحران کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ ملک میں بجلی اور ایندھن کی کھپت کو کم کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بجلی کی طلب میں کمی آئے گی جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا جس کے نتیجے میں ایندھن کے استعمال میں بھی کمی متوقع ہے۔ حکومت کے مطابق یونیورسٹی کیمپس، طلبہ کے ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز اور ایئر کنڈیشننگ کے نظام کے باعث بڑی مقدار میں بجلی استعمال ہوتی ہے، اس لیے قبل از وقت تعطیلات سے قومی بجلی نظام پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں رمضان کے دوران سرکاری اور نجی اسکول پہلے ہی بند ہیں جبکہ اب یونیورسٹیوں کو بھی عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔