بنگلہ دیش میں کشیدگی بر قرار ، مزید 2 افراد ہلاک

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں مذہبی تشدد بڑھتا جا رہا ہے۔ ہفتہ کے روز پولیس نے مزید 2 افراد کے قتل کی تصدیق کر دی۔ چہارشنبہ سے جاری بد امنی میں اب تک وہاں 6افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔ ہفتہ کے دن بیگم گنج کے علاقہ میں ایک مندر کے باہر ایک ندی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جب کہ ہلاک ہونے والا دوسرا شخص اس مندر کا محافظ تھا۔ یہ پرتشدد واقعات گزشتہ چہارشنبہ کے روز درگا پوجا کے دوران ایک ایسی وڈیو وائرل ہو جانے کے بعد شروع ہوئے، جس میں قرآن کریم کو ہندوؤں کے ایک دیوتا کی مورتی کے گھٹنے پر رکھادکھایا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد سے ملک کے 12اضلاع میں ہندو مخالف فسادات دیکھنے میں آ چکے ہیں۔ پولیس تاحال 90افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ مقامی پولیس اہل کار شاہ عمران نے صحافیوں کو بتایا کہ ہندو برادری کے ارکان 10روزہ درگا پوجا کی آخری رسومات ادا کرنے کی تیاریوں میں تھے کہ 200افراد پر مشتمل ایک گروہ نے مندر پر دھاوا بول دیا۔ اسی دوران مندر کی کمیٹی کے ایک سینئر رکن کو بھی قتل کر دیا گیا۔