بنگلہ دیش میں 54 واں بسوا اجتماع کا اختتام

   

ڈھاکہ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) یہاں دریائے تراگ کے کنارے آج صبح تبلیغی جماعت کا 54 واں عالمی اجتماع مولانا محمد سعد کاندھلوی کے پیروکاروں کی شمولیت اور آخری مناجات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع پانچ دنوں سے جاری تھا۔ہندستانی مولانا شمیم احمد نے آخری مناجات کے دوسرے مرحلہ کی 11:45 بجے سے 12:02 بجے کے درمیان تکمیل کی۔مولانا اقبال حافظ نے فجر کی نماز کے بعد ہدایتی بیان پیش کیا جس کا بنگلہ زبان میں مولانا سید اسامہ اسلام نے ترجمہ کیا۔اجتماع اتوار کو شروع ہوا تھا جس میں ایک اور دن کی توسیع ہوئی کیونکہ شدید بارش نے اجتماع میں خلل ڈالا تھا۔قبل ازیں ہفتہ کی صبح مولانا جبار حسن کے پیروکاروں کی آخری مناجات اسی میدان میں ہوئی جہاں جمعہ کی صبح اجلاس شروع ہو اتھا۔2011 سے یہ اجتماع دو مرحلوںمیں ہوتارہا ہے ۔ اس سال اسے ایک ہی مرحلے میں منعقد کیا گیا جس میں جماعت کے دو نوں گروہوں کی الگ الگ آخری مناجات کا اہتمام کیا گیا۔سالانہ حج کے بعد مسلمانوں کا یہ دوسرا سب سے بڑا اجتماع کہلاتا ہے ۔یہ سلسلہ 1967 سے جاری ہے ۔