نئی دہلی، 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایتھوپیا میں اتوار کو ہونے والے طیارہ حادثے کے بعد ہندوستان سمیت دنیا کے تقریبا 50 ممالک نے بوئنگ 737 میکس طیاروں پر روک لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستان ، آسٹریلیا، دبئی، ناروے ، پولینڈ، جرمنی، چین، برازیل، ویت نام، ارجنٹائنا سمیت کئی ممالک نے ایتھوپیا میں ہوئے حادثے کے بعد بوئنگ 737 میکس طیاروں پر روک لگا دی ہے ۔ آسٹریلیا کی ایوی ایشن کمپنی ورجن آسٹریلیا نے چہارشنبہ کو عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک بوئنگ 737 میکس طیارے کے سیکورٹی کی بابت اطمینان نہیں ہوگا تب تک کوئی بھی نیا بوئنگ طیارے بیڑے میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ ورجن آسٹریلیا کے پاس فی الحال ایک بھی بوئنگ 737 میکس 8 طیارے نہیں ہے تاہم انہوں نے امریکی مینوفیکچرر کمپنی سے 30 ایسے طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے جو نومبر میں سونپے جانے ہیں۔ اس کے علاوہ پولینڈ کی شہری ہوا بازی کے دفتر نے بھی منگل کو بوئنگ 737 میکس 8 کی پروازپر روک لگا دی ہے ۔ پولینڈ کے نیشنل ایوی ایشن کے ترجمان نے کل اس ھوائی جہاز کے تقریباً سبھی پروازوں کو معطل کر دیا ہے اور بوئنگ 737 میکس کے استعمال کیے جانے والے روٹوں پر فی الحال دیگر ہوائی جہازوں کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ایتھوپیا طیارے حادثے میں پولینڈ کے دو شہریوں کی بھی موت ہو گئی تھی۔ اسی دوران شہری ہوابازی ڈائریکٹوریٹ (ڈی جی سی اے ) نے آج شام چار بجے سے ہندوستانی فضائی حدود میں بوئنگ 737میکس طیاروں کے پرواز پر روک لگادی ہے جس کے بعد کفایتی فضائی سروس کمپنی اسپائس جیٹ نے آج کے لئے اپنی چودہ پروازیں منسوخ کردیں۔ ڈی جی سی اے نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے آج بتایا کہ ہوائی اڈوں سے میکس طیاروں کے کمرشیل پروازوں (آمدو رفت) پر منگل رات سے ہی روک لگادی ہے
