اقوام متحدہ، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیوگوٹیرس نے بولیویا میں جاری سیاسی بحران کے درمیان قومی لیڈروں کو حمایت دینے کی غرض سے اس ملک میں ایک ذاتی سفیر بھیجا۔اقوام متحدہ سربراہ کے ترجمان اسٹیفن دجارک نے جمعرات کو نیویارک میں نامہ صحافیوں کو بتایاکہ ’’اقوام متحدہ سربراہ، بولیویا کے واقعات کے سلسلے میں کافی فکر مند ہیں‘‘۔ انہوں نے متنازعہ صدارتی انتخابات کے نتائج کے سلسلے میں شروع ہوئے مظاہروں کے بعد تشدد کے بڑھتے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’مسٹر گوٹیرس نے سبھی بولیویائی لوگوں سے تشدد سے دور رہنے اور تحمل برتنے کی اپیل کا اعادہ کیا ہے ‘‘۔ مسٹر دجارک نے کہاکہ ’’مسٹر گوٹیرس نے بولیویا کے سبھی فریقین کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کے لئے جین آرنلڈ کو اپنا ذاتی سفیر مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے شفاف، جامع اور قابل اعتماد انتخابات کے ذریعے اس بحران کا پرامن حل نکالنے کے لئے اقوام متحدہ کو حمایت دی ہے‘‘۔ جین آرنلڈ کولمبیا امور کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے رہ چکے ہیں۔ وہ جارجیا، افغانستان، برونڈی اور گوئٹے مالا کے خصوصی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
