بڑھتی مہنگائی کیلئے مرکز کی مودی حکومت ذمہ دار: ماکن

   

بھوپال: کانگریس کے جنرل سکریٹری اجے ماکن نے ملک میں ضروری اشیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے لئے آج مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کی پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہاکہ اس پر کنٹرول کے لئے فوری طورپر اقدامات کئے جانے چاہئیں۔سابق مرکزی وزیر مسٹر ماکن نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ عام لوگ کورونا اور اس کے سبب پیدا ہوئے بحران سے پریشان ہیں۔ ایسے میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ سے شہری مزید پریشان ہوگئے ہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ۔ ڈیزل مہنگا ہونے سے مہنگائی مزید بڑھ رہی ہے ۔ ان سب کا بوجھ ملک کے عام شہریوں پر پڑرہا ہے ۔سینئر کانگریسی لیڈر نے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے لئے مکمل طورپر مرکزی حکومت کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔ مرکزی حکومت ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول نہیں کرپارہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اس کے برعکس مرکزی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے سابقہ کانگریس حکومت کی پالیسیوں کا بہانہ بناتی ہے ۔