بابری مسجد کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور فیصلہ آنے میں کچھ ہی دن رہ گئے ہیں اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایودھیا میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور سخت حفاظتی انتظامات کا بھی بندوبست کیا گیا ہے، اور پورے شہر میں دس اضافی کمپنیوں کو بھی بھیجا جائے گا۔
ایک اعلیٰ افیسر نے کہا کہ ہم شہر میں واقع تمام مذہبی مقامات یعنی درگا پوجا اور دسہرا جلوسوں کی ڈرون کیمرے سے نگرانی برابر کرتے رہیں گے اور سب کو یہ ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ گلال کے بدلے پھولوں کا استعمال کریں۔
ضلع انتظامیہ کی طرف سے اضافی دستوں کے قیام کے انتظامات کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی گیسٹ ہاؤسز، اسپتالوں، اسکولوں اور کالجوں میں سیکیورٹی فورسز کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ درگا کی مورتی وسرجن اور دسہرہ کے تہوار سے شروع ہوں گے اور مختلف رام لیلا مہینے بھر دیوالی تک جاری رہیں گی۔
ریاستی حکومت کی طرف سے دیوالی سے ایک شام قبل منعقد کئے جا رہے تین روزہ ’دیپوتسو‘ پروگرام میں بھی دور دراز علاقوں سے بھیڑ امنڈنے کی امید کی جا رہی ہے۔ ضلع پولس اور مقامی خفیہ یونٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، دھرم شالہ، لاج اور ہوم اسٹی کی جانچ شروع کریں اور وہاں کام کرنے اور رہنے والے لوگوں کے شناختی کارڈز کی تصدیق کریں۔ خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے خطرے کی اطلاع کے پیش نظر سیکورٹی کا سختی سے انتظام کیا جا رہا ہے۔آ پ کو بتادیں کہ بابری مسجد پر عدالت کا فیصلہ بھی نومبر میں آنے کی امید ہے اور مقامی انتظامیہ سیکورٹی انتظامات میں کوئی کمی یا کوتاہی کرنا نہیں چاہتی۔