گوشت مارکٹ بند رکھنے محکمہ بلدیہ کے احکامات ، انسانی زندگی کے تحفظ کیلئے اقدامات
بھینسہ 29ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بڑے جانوروں میں لمپی اسکن بیماری تیزی سے پھیلنے پر بھینسہ میں سرکاری مشنری متحرک ہوچکی ہے اور بیماری کو قابو میں کرنے کے علاوہ متاثرہ جانوروں کے گوشت کے استعمال سے انسانی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گذشتہ روز بھینسہ وٹرنری ڈاکٹر جی وٹھل نے اس ضمن میں بلدیہ کمشنر سے سفارشی نمائندگی کرتے ہوئے جانوروں میں بیماری قابو میں آنے تک بھینسہ شہر کا مسلخ (سلاٹر ہاؤز) اور گوشت مارکٹ کو احتیاطی طور پر بند کرتے ہوئے انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لئے متوجہ کروایا جس پر بلدیہ کمشنر ایم اے علیم نے سینٹری انچارج شیخ انیس کے ہمراہ گوشت مارکٹ پہنچ کر احتیاطی طور پر بند کرواتے ہوئے تمام قریش برادری کو سخت الفاظ میں انتباہ دیتے ہوئے ہدایت جاری کہ بڑے جانوروں میں لمپی اسکن بیماری ختم ہونے تک محکمہ وٹرنری کی جانب سے تصدیق ہونے تک شہر کے مسلخ ، گوشت مارکٹ اور قریش برادری کے مکانوں یا محلوں میں جانور ہرگز ذبح نہ کئے جائیں اور اگر کوئی خلاف ورزی کرتا ہے تب محکمہ بلدیہ کی جانب سے سخت سے سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے گوشت پر ایسڈ ڈال دیا جائے گا۔ انھوں نے قریش برادری سے اس سنگین معاملہ میں محکمہ وٹرنری اور محکمہ بلدیہ کا مکمل تعاون کرنے اور انسانی زندگیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بیماری بھینسہ اطراف و اکناف کے بڑے جانوروں میں تیزی سے پھیلنے محکمہ وٹرنری نے تصدیق بھی کی ہے اس موقع پر قریش برادری کے ذمہ داران جن میں شیخ نظام قریشی ، شیخ عمر قریشی و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔