بڑے پیمانے پر فروخت کئے جارہے ای ۔ سگریٹس کا ریاکٹ بے نقاب

   

دو بھائی گرفتار، لاکھوں روپئے مالیتی سگریٹس ضبط ، نارکوٹیک بیورو کی کارروائی
حیدرآب اد : 21اپریل ( سیاست نیوز) شہر میں بڑے پیمانے پر فروخت کئے جارہے ای ۔ سگریٹس کے ریاکٹ کا نارکوٹک بیورو نے پردہ فاش کردیا ۔ تلنگانہ اینٹی نارکوٹک بیورو نے دو بھائیوں کی نشاندہی کرلی اور ایک کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی ممنوعہ ای سگریٹس کے ذخیرہ کو ضبط کرلیا جو حوالہ آپریٹرس کے ذریعہ اور کوریئر سرویس کا استعمال کرتے ہوئے یہ کاروبار کررہے تھے ۔ پولیس نے منشیات کے خلاف شعور بیداری کے دوران حاصل اطلاعات پر کارروائی کو انجام دیا ۔ شہر کے مرکزی علاقہ عابڈس کے اسکولس اور کالجس میں منشیات کے خلاف شعور بیداری کے دوران اساتذہ اور لکچررس کی توجہ دہانی کے بعد نارکوٹک بیورو نے کارروائی کو انجام دیا اور صادق للّانی اور انیل للّانی کی نشاندہی کرلی گئی ۔ نارکوٹک بیورو نے صادق کے قبضہ سے ممنوعہ ای ۔ سگریٹس 7 کارٹونس کو ضبط کرلیا جس میں کل 1217 ای ۔ سگریٹس پائے گئے جن کی مالیت 25لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے امریکی اور کینیڈین کرنسی کو بھی ضبط کرلیا ۔ تلنگانہ اینٹی نارکوٹک بیورو نے ای ۔ سگریٹس کے ریاکٹ کا پتہ چلایا ۔ یہ دو بھائی ممبئی کے وسیم اور دہلی کے ساکن امیت کے ذریعہ ای ۔ سگریٹس حاصل کرتے تھے اور بڑی رقم حوالہ آپریٹرس منگی راجی گوتم اور سی آر شرما کے ذریعہ منتقل کرتے تھے ۔ پولیس نے ان کے نیٹ ورک کی سپلائی کا خلاصہ کیا ۔ ای ۔ سگریٹس کی فروخت کیلئے باضابطہ طور پر ایک واٹس ایپ گروپ تیار کیا گیا تھا جن میں 500 اراکین تھے اور پولیس نے آن لائن لین دین کے ذریعہ سگریٹس کے خریداروں کا پتہ چلایا جن میں 13 لڑکے کم عمر پائے گئے جن کی عمر 18سال سے بھی کم پائی گئی ۔ مقامی پولیس نے ان لڑکوں کا پتہ لگاتے ہوئے ان کے مکانات پہنچ کر ان کی کونسلنگ کی ۔ صادق للّانی اور انیل للّانی حیدرآباد کے علاوہ آندھراپردیش ممنوعہ ای ۔ سگریٹس فروخت کررہے تھے پولیس نے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے بعد مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔ ع