دبئی، 22 ستمبر (ایجنسیز) پاکستان کے معروف کامیڈین اور اداکار شکیل صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ انڈین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی پرکشش پیشکش کے باوجود انہوں نے اس شو کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔ حال ہی میں شکیل صدیقی نے اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر اور مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں بارہا پاکستانی ریئلٹی شو ’تماشہ‘ میں شرکت کی دعوت دی گئی، مگر انہوں نے ہمیشہ انکار کیا۔ ان کے مطابق اگر وہ اس شو کا حصہ بنتے تو وہ چاہتے کہ دوسرے شرکا بھی نامور فنکار ہوں، نہ کہ صرف سوشل میڈیا ٹک ٹاکرز۔ شکیل نے انکشاف کیا کہ انہیں ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی کئی بار شرکت کی آفر ہوئی۔ بگ باس انتظامیہ نے انہیں مکمل آزادی دینے کا وعدہ کیا تھا کہ وہ شو کے اندر اپنی مرضی سے ہر طرح کا کام کرسکتے ہیں اور اپنی پسند کے مطابق کھانے پینے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ حتیٰ کہ انتظامیہ والے ان سے ملاقات کیلئے دبئی تک پہنچ گئے تھے۔ اس کے باوجود شکیل صدیقی نے اس آفر کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے اس فیصلے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس شو میں شریک ہوتے تو وہاں وہ اکیلے پاکستانی ہوتے جبکہ باقی سب بھارتی، جس سے تنازعہ یا جھگڑے کا خدشہ تھا۔ شکیل صدیقی نے مزید کہا کہ جب انہوں نے یہ بات انتظامیہ کو بتائی تو ان کا جواب تھا کہ بگ باس تو یہی چاہتا ہے کہ تنازعہ پیدا ہو اور شو کی ریٹنگ بڑھے۔ اداکار کے مطابق بگ باس کی ٹیم نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ پہلے دو ماہ تک کوئی ان کو ہاتھ بھی نہیں لگائے گا اور انہیں بھاری معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ لیکن اس کے باوجود انہوں نے یہ پیشکش مسترد کردی کیونکہ ان کے خیال میں تنازعہ پیدا ہونے کی صورت میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی تھی۔ اور وہ اس طرح کی شہرت حاصل کرنے کے بجائے اپنے فن کے ذریعہ پہچان بڑھانا پسند کرتے ہیں اور یہی ان کے انکار کی اصل وجہ تھی۔