وائی ایس وجیماں امریکہ روانہ، الیکشن کے بعد واپسی
حیدرآباد۔/14اپریل، ( سیاست نیوز) کسی بھی خاندان میں بھائی بہن کے تنازعات والدین کیلئے تکلیف اور کرب کا باعث ہوتے ہیں۔ اگر خاندان میں والد نہ ہو تو ماں کو اولاد کے تنازعات اور جھگڑوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ گھریلو تنازعات اپنی جگہ لیکن اگر سیاسی طور پر بھائی اور بہن ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہوجائیں تو ماں کیلئے یہ طئے کرنا مشکل ہوتا ہے کہ وہ کس کی تائید کرے۔ کچھ یہی حال سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی بیوہ وائی ایس وجیماں کا ہے جن کے فرزند وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دختر وائی ایس شرمیلا انتخابی میدان میں ایک دوسرے کے حریف بن چکے ہیں۔ وائی ایس وجیماں نے ماں کی ممتا کا احترام برقرار رکھتے ہوئے بیٹا اور بیٹی دونوں کو بس یاترا کے آغاز پر آشیرواد دیا تھا لیکن وہ انتخابی مہم میں بھائی بہن کے جھگڑے کو دیکھنا نہیں چاہتیں لہذا وہ امریکہ روانہ ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس وجیماں فرزند اور دختر کے درمیان تنازعہ سے خوش نہیں ہیں۔ کانگریس نے شرمیلا کو آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کرتے ہوئے بھائی کے مقابل کھڑا کردیا ہے۔ شرمیلا کڑپہ لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہی ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی کے خلاف سنگین الزامات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ راج شیکھر ریڈی خاندان میں سیاسی تنازعہ نے صدر خاندان وائی ایس وجیماں کو دکھی کردیا ہے۔ الیکشن میں کسی ایک کی تائید سے بچنے کیلئے وہ امریکہ روانہ ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ شرمیلا کے فرزند راجہ ریڈی کے گھر قیام کریں گی اور الیکشن کی تکمیل کے بعد ہی وطن واپس ہوں گی۔1