بھارت جوڑو یاترامدھیہ پردیش میں داخل،شاندار استقبال

,

   

نفرت، تشدد اور خوف کیخلاف ہے یہ پیدل یاترا،راہول گاندھی کا خطاب

بھوپال: کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا مہاراشٹر اکے بعد مدھیہ پردیش میں داخل ہو گئی ہے۔ مدھیہ پردیش کے برہان پور پہنچنے پر تمام راہول گاندھی سمیت تمام بھارت یاتریوں کا شانداراستقبال کیا گیا۔ یہ یاترا اگلے 11 دنوں میں ریاست کے 7 اضلاع سے گزرے گی۔بھارت جوڑو یاترا کے مدھیہ پردیش میں داخل ہوتے وقت راہول گاندھی کا تلک لگاکر روایتی استقبال کیا گیا اور مہاراشٹرا کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ کو ترنگا سونپا۔اس موقع پر راہول گاندھی نے کئی مسائل پر بات کی۔ انہوں نے کہا ’’مجھے آج بہت خوشی ہو رہی ہے۔ مدھیہ پردیش میں ہم نے پہلا قدم رکھا ہے۔ ہر ریاست کا مسئلہ تھوڑا الگ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہم ہر روز اوسطاً 25 کلومیٹر طے کرتے ہیں اور اس دوران ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کرتے۔ ہم اپنی بات نہیں رکھتے۔ منہ بند کان کھلے! من کی بات نہیں، ہمارے من کی بات نہیں، آپ کے من کی بات کیا ہے، کسانوں، نوجوانوں، بہنوں، مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں کے من کی بات کیا ہے، وہ ہم دن بھر سنتے ہیں۔ اور پھر اپنے 15 منٹ اور زیادہ سے زیادہ 20 منٹ شام کو اپنی بات رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سفر ہندوستان میں پھیلائی جا رہی نفرت، تشدد اور خوف کے خلاف ہے۔اس دوران راہول گاندھی نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ہندوستان کی پوری صنعت 3تا4 ارب پتیوں کے ہاتھ میں ہے۔ بندرگاہیں، ہوائی اڈے، سڑکیں، ٹیلی کام اور ریلوے ان کے ہاتھ میں جا رہے ہیں۔ ہمیں ایسا ہندوستان نہیں چاہیے۔ یہ ظلم کا ہندوستان ہے۔اس یاترا میں شامل ہونے کے لئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے شوہر رابرٹ واڈرا بھی دیر رات برہان پور ضلع پہنچیں گے اور24 اور 25 نومبر کو یاترا میں شامل ہونے کے بعد 26 نومبر کو واپس لوٹ جائیں گی۔ ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ، سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ، ارون یادو، سریش پچوری اور کئی لیڈران و عہدیداران یہاں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی ریاست میں 12 دنوں کے دوران تقریباً 380 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے چار دسمبر کو اگرمالوا ضلع سے راجستھان میں داخل ہوں گے۔
اس دوران راہول گاندھی برہان پور کے علاوہ کھرگون، کھنڈوا، اندور، اجین اور اگرمالوا اضلاع سے بھی گذریںگے۔ 24 تاریخ کو یاترا بورگاؤں سے کھرگون کے کھیرڈا تک جائے گی۔ 25 تاریخ کو راہول گاندھی کھیرڈا سے مورٹکہ تک کا سفر کریں گے۔اس کے بعد 26 نومبر ہفتہ کے روز راہول کی یاترا اندور ضلع میں داخل ہوگی۔ یہاں وہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش مہو جائیں گے۔ 28 تاریخ کو یاترا کا آرام کا دن طے کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی 29 تاریخ کو اندور شہر سے سانور جائیں گے اور 30 تاریخ کو یاترا سانور سے اجین ضلع میں داخل ہوگی اور ایک تاریخ کو بھی اجین میں ہی رہے گی۔ 2 دسمبر کو یاترا کا آغاز اجین کے جھالرا سے ہوگا۔ 3 دسمبر کو وہ ضلع کے مہودیا سے لالہکھیڈی تک کا سفر کریں گے جبکہ 4 تاریخ کو یاترا لال کھیڑی سے راجستھان کے جھالاواڑ ضلع میں داخل ہوگی۔راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی ہے جو مختلف ریاستوں سے ہوتی ہوئی آج مدھیہ پردیش پہنچی ہے۔ وہ کل 150 دن کی یاترا کے بعد کشمیر تک جائیں گے۔ اس دوران کل 3570 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔