کثیر تعداد میں عوام کی شرکت‘ ڈھول کی تال پر رقص ‘زبردست جوش و خروش
ترواننتا پورم: کانگریس قائد راہول گاندھی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا اتوار کو کیرالا میں داخل ہوگئی۔ کیرالا کی سرحد پر واقع پارسالا پہنچنے پر شاندار یاترا کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کیرالا کے وایناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا خیرمقدم کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور ایم پی کے سدھاکرن، کیرالا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستیسان، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری طارق انور، کانگریس کے سینئر لیڈر رمیش چنیتھلا، سابق وزیر اعلیٰ اومن چنڈی، ڈاکٹر ششی تھرور ایم پی، یو ڈی ایف کنوینر ایم ایم حسن، ریاستی کوآرڈینیٹر کوڈیکونیل سریش اور دیگر سینئر قائدین نے کیا۔ یہ یاترا کنیا کماری سے کشمیر تک پیدل مارچ پر مبنی ہے۔7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے والی ‘بھارت جوڈو یاترا’ سنیچر کی رات کو پارسالا کے قریب چیروورکونم پہنچی۔ کیرالا میں 11 سے 29 ستمبر تک ‘ملے قدم، جڑے وطن’ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے 19 روزہ یاترا سات اضلاع سے گزرے گی اور 450 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔نیاٹنکارا پہنچنے پر راہول گاندھی مہاتما گاندھی کے دوست ڈاکٹر جی رامچندرن کے گھر اور وٹوکلا مادھوی مندرم کا دورہ کرنے اور وہاں گاندھی میوزیم کا دورہ کرنے کے لیے وقفہ لیں گے۔ بعد میں وہ نیاتنکارا میں بلرام پورم کے روایتی بنکروں سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد پدیاترا شام 4 بجے نیاٹنکارا مونوکلنموڈو پر اختتام پذیر ہوگی اور دن میں نیموم میں ختم ہوگی۔پد یاترا پیر کو نیموم سے کزہ کوٹم تک دوبارہ شروع ہوگی۔ منگل کو یہ کازہ کوٹم سے کلمبلم کے لئے شروع ہوگی۔ یہ یاترا 14 ستمبر کو کولم میں داخل ہوگی اور 17 ستمبر کو الپوزا پہنچے گی۔ یہ 21 ستمبر کو ایرناکولم اور 23 ستمبر کو تھریسور میں داخل ہوگی۔ یاترا 26 ستمبر کو پلکڈ اور 28 ستمبر کو ملاپورم میں داخل ہوگی۔ بعد میں یاترا تمل ناڈو کے گڈالور کے راستے کرناٹک میں داخل ہوگی۔ تقریباً 300 کانگریس کارکن پد یاترا میں شامل ہیں۔ دریں اثناء فلم ساز ادور گوپال کرشنن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کو راہول گاندھی کی کیرالا آمد پر ان کا استقبال کرنا چاہئے۔