وزیر مال سرینواس ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، قانون کا آج سے نفاذ
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بھوبھارتی اراضی قانون پر عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ بھوبھارتی قانون اور پورٹل کو 14 اپریل کو قوم کے نام معنون کیا جائے گا۔ پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر تین منڈلوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور 2 جون تک ریاست بھر میں قانون پر عمل آوری کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر کانگریس پارٹی نے دھرانی قانون کو منسوخ کرتے ہوئے بھوبھارتی متعارف کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کی تکمیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات کی سطح پر بھوبھارتی اسکیم پر عمل آوری کیلئے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ نئے قانون کے تحت رجسٹریشن کے معاملات کو آسان بنایا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ نئے قانون سے کسانوں اور عوام کو اراضیات کی ملکیت کا حق حاصل ہوگا اور اراضیات کے بارے میں کوئی خطرہ باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نتیجہ میں کسانوں کو اراضیات کا بھاری نقصان ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر تین منڈلوں میں قانون پر عمل ہوگا اور 2 جون تک ریاست بھر میں توسیع کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ بھوبھارتی قانون 2029 انتخابات میں کانگریس پارٹی کیلئے ریفرنڈم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں کے قرض معافی کے تحت 21000 کروڑ جاری کئے ہیں۔1